اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کل منگل کو ایک روزہ دورے پر فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کا دورہ کریں گے۔ اس سے قبل وہ مغربی کنارے میں بھی جائیں گے جہاں وہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے ملاقات کریں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قاہرہ میں اتوار کے روز غزہ کی تعمیرنو کے حوالے سے منعقدہ ڈونرز کانفرنس کے بعد ایک پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے مسٹر مون نے مختصر وقت کے لیے جنگ سے تباہ حال غزہ آنے کا اعلان کیا۔
درایں
اثناء ڈونرز کانفرنس میں غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ قاہرہ میں ڈونرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قطری وزیرخارجہ خالد العطیہ کا کہنا تھا کہ دوحہ کی جانب سے غزہ کی تعمیرنو کے لیے ایک ارب ڈالر امداد فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ڈونرز کانفرنس میں فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے عالمی برادری سے چار ارب ڈالر کی امداد کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ کانفرنس میں کویت نے 200 ملین ڈالر اور امریکا نے 212 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔